رامپور،یکم جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے سابق وزیر اعظم خاں کے خلاف ہندوستانی فوج کے خلاف مبینہ بیان کے سبب سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر کے بیٹے آکاش سکسینہ نے مقدمہ درج کرایا ہے۔اعظم خان کے خلاف 153اے اور 505کے تحت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔اس کے علاوہ بجنور کے چاند پور تھانے میں بھی اسی معاملے میں اعظم کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔اس سے پہلے حکمراں بی جے پی اور بہت سی اپوزیشن جماعتوں نے اعظم کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔یوپی کے رام پور میں 27جون کو ایس پی آفس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نے کہا تھا کہ ہندوستان چھ دہائی کے بعد اپنے راستے سے ہٹ رہا ہے۔ہندوستان کے سیاست داں بیلٹ کے بجائے گولی کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں،انجام سامنے ہے۔کشمیر، جھارکھنڈ، آسام میں خواتین نے فوج کو مارا اور خواتین دہشت گرد ان کے مخصوص اعضاء کاٹ کر لے گئیں۔یہ اتنا بڑا پیغام ہے جس پر پورے ہندوستان کو شرمندہ ہونا چاہئے اور سوچنا چاہئے کہ ہم پوری دنیا کو کیا منہ دکھائیں گے۔